اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی الیکشن میں کامیاب ہوگی، ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، یہاں کے عوام کو تعلیم سے محروم کیا گیا، جب سے یہاں آیا ہوں علاقے کی خوبصورتی سے محظوظ ہو رہا ہوں، الیکشن جیتنے کے بعد علاقے کے لوگوں کو گرائونڈز دیں …
عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری کا روندو میں عوامی اجتماع سے خطاب
اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی الیکشن میں کامیاب ہوگی، ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، یہاں کے عوام کو تعلیم سے محروم کیا گیا، جب سے یہاں آیا ہوں علاقے کی خوبصورتی سے محظوظ ہو رہا ہوں، الیکشن جیتنے کے بعد علاقے کے لوگوں کو گرائونڈز دیں گے تاکہ یہاں سے بھی عمران خان کی طرح کھلاڑی سامنے آئیں، حسینیت نے ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حکم دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو روندو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سابقہ ادوار میں لوگوں کو تعلیم سے محروم رکھا گیا، یہاں کھیلوں کی سہولیات نہیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت یہاں دس زونز بنا رہی ہے، چار زونز کی فزیبلٹی بن چکی ہے، ہم یہاں بین الاقوامی معیار کی سہولیات مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر زون میں ہوٹل، ہسپتال، سکول، پٹرول پمپ سمیت دیگر سہولیات موجود ہوں گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ دس زونز بن جائیں گے تو یہاں کے لوگوں کے پاس وافر روزگار ہوگا، دیگر صوبوں سے لوگ آ کر یہاں روزگار حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی کے 11 ہوٹلز ہیں، ان کی فزیبلٹی بن چکی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ بیرون ملک سے بھی لوگ یہاں آئیں، بڑی کمپنیاں آئیں، ٹاپ کلاس کے ہوٹل قائم ہوں۔ ہر ہوٹل میں 150 سے 200 افراد کو روزگار ملنا چاہئے۔ جب اتنی ملازمتیں ایک ہوٹل میں ہوں گی تو لوگوں کو مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی تو اس کو صوبہ بنائیں گے، پہلے تین مہینے کے اندر اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کا دفتر قائم کیا جائے گا جہاں آپ لوگوں سمیت آپ کے عزیز جو بیرون ممالک میں مقیم ہیں، ان کو بھی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو کوٹہ دیا جائے گا تاکہ وہ بھی تربیت حاصل کر کے بیرون ملک جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حمایت سے پی ٹی آئی ضرور کامیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے جب گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کی تو سب سے پہلے بلاول بھٹو نے اس کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری یہاں آ کر اعلانات کرتے ہیں لیکن ان کے علاقے کا جو حال ہے وہ پوری دنیا جانتی ہے۔ ان کے خاندان سے لوگ اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں لیکن ان لوگوں نے سندھ تو کیا اپنے علاقے کے لوگوں کو بھی سہولیات سے محروم رکھا۔ آپ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ جو اپنے علاقے کے لئے کچھ نہیں کر سکے وہ آپ کے لئے کیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺکے توہین آمیز خاکوں کے واقعہ پر مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے آج تک ایک لفظ نہیں بولا، وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کی، اس مسئلہ کو ہر فورم پر اٹھایا۔









