اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ معاملات افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی پوری کوشش کی، لیکن ٹی ایل پی کے کارکنان نے سڑکیں بلاک کرکے ٹریفک بند کر دی جس سے لوگوں کے معمولات زندگی شدید مشکلات سے دوچار ہوئی، دھرنوں اور پرتشدد واقعات سے پورے ملک کا امن وامان تباہ ہوگیا۔
جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کر دی ہے، ذاتی مفادات اور نام نہاد احتجاجی مظاہروں کیلئے کسی کو بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے کارکنوں نے سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملے کئے ہیں جس سے کئی پولیس اہلکار زخمی اور کچھ شہید بھی ہوئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں آکر تعمیری سیاست کرنی چاہئے تاکہ لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل توجہ دی جائے اور انہیں حل کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔