اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ خواتین کو آئین اور قانون کے مطابق ان کے حقوق اور مقام ملنا چاہیے تاکہ وہ سماجی اور معاشی طور پر باوقار زندگی گزار سکیں، خواتین کے کام، محنت، کاوشوں اور کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی جرأت مند، محنتی اور بہادر خواتین سمیت دنیا بھرکی خواتین کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتی ہوں، اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا، ان کے حقوق کو تسلیم کرنا اور ان کی مساوی حیثیت کے حوالے سے لوگوں میں بیداری پھیلانا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ہماری خواتین ہمارے خاندانی نظام، معاشرے، ملک اور معیشت سمیت زندگی کے ہر شعبے میں میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں، ملک بھر کی خواتین کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات اور برابری کا ماحول ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہماری خواتین زیادہ نہیں بلکہ اپنے انسانی، آئینی اور قانونی حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں، یہ دن خواتین کی ”جدوجہد“ کی علامت ہے، میری تمام اہل وطن کو گزارش ہے اس دن کے حوالے سے تعصبات سے گریز کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خواتین کے کام، محنت، کاوشوں اور کامیابیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔