عیدالاضحٰی کے دوسرے روز بھی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے زیرہ ویسٹ آپریشن جاری

71
عیدالاضحٰی کے دوسرے روز بھی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے زیرہ ویسٹ آپریشن جاری

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی نگرانی میں عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے زیرہ ویسٹ آپریشن جاری ہے، عید الضحی کے پہلے روز تلف کی گئی آلائشوں کا کل وزن تقریباً 1362.386 ٹن رہا ، آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہے گا –

شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد احمد علی رندھاوا کی نگرانی میں سی ڈی اے کی پہلے روز شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔سی ڈی اے سینی ٹیشن حکام کے مطابق عید الضحی کے پہلے روز تلف کی گئی آلائشوں کا کل وزن تقریباً 1362.386 ٹن تھا، عید الاضحی کے پہلے روز اسلام آباد شہر میں مجموعی طور پر 81 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کی گئی۔ عیدالاضحی کے پہلے روز تقریباً 47 ہزار چھوٹے جبکہ 33 ہزار سے زائد بڑے جانور قربان کئے گئے، اسلام آباد سیف سٹی میں قائم مرکزی کنٹرول سے سی ڈی اے ، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی نگرانی میں سی ڈی اے صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور کوششیں کررہا ہے جس کی شہریوں نے تعریف کی ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈرون کیمروں کے استعمال کے ساتھ عرق گلاب ، فنائل اور چونے کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری ہے- چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد شہر کے پانچوں زونز میں یہ آپریشن زور و شور سے جاری ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔2500 زائد عملہ سے زائد عملہ خاکروب، سپر وائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد کے تمام سیکٹروں میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہا ہے، عید الضحی کے موقع پر 250 سے زائد گاڑیاں اور بھاری مشینری بھی اس خصوصی مہم کا حصہ ہیں- قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں، تمام گڑھوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق آلائشوں کو بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ میں رکھ کر تلف کیا جا رہا ہے ۔

سی ڈی اے کی شہریوں سے تعاون کی اپیل قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں اور اجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں، قربانی کے جانور کی آلائشیں بائیو ڈی گریڈیبل بیگ میں گھر کے قریب رکھیں تاکہ سی ڈی اے کا عملہ ان کو فوری طور پر اْٹھا کر لے جائے،اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں ہرگز نہ پھینکیں اور نہ ہی کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں ڈالیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے صفائی اپریشن بھی دوسرے روز جاری ہے- اس موقع پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پر ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کئے گئے ہیں، شہری صفائی کے حوالے سے یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555, پر رابطہ کرسکتے ہیں۔شہری واٹس ایپ پیغام یا ایس ایم ایس کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت کے مطابق موصول ہونے والی شکایات کو بروقت اور ان کے فوری ازالے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کرکے بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی آلائشیں اور اوجھڑیاں وغیرہ مختص جگہوں پر ہی تلف کریں- چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر صفائی ایکشن پلان عیدالاضحی کے تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔