ڈیرہ غازی خان۔ 05 جنوری (اے پی پی):وائس چانسلر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی زیرِ صدارت یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر رجسٹرارڈاکٹر عابد محمود علوی، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالحنان، ایکسین لعل دین لغاری، اسٹیٹ کیئر آفیسر ڈاکٹر عمران لودھی، خازن ڈاکٹر محمد فیصل ملک، پروٹوکول آفیسر ڈاکٹر وسیم گل، انجینئر سبطین اور مختلف پرنسپل افسران بھی موجود تھے۔
انجینئر لعل دین نے وائس چانسلر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان منصوبہ جات میں ہوم اکنامکس اینڈ نیوٹریشن بلاک، سکول آف بزنس ایڈ منسٹریشن اور وسیع گنجائش کا گرلز ہاسٹل شامل ہیں جن کی تکمیل سے یونیورسٹی میں تدریسی بلاکس کا اضافہ ہوجائے گا اورمزید سٹوڈنٹس کے لیے رہائشی سہولیات میسر ہوں گی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ منصوبوں کی تعمیر میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے.انہوں نے ان منصوبہ جات کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔