غذائی اجناس کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال میں 13.79 فیصد بڑھوتری ،پی بی ایس

74
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):غذائی اجناس کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال میں 13.79 فیصد بڑھوتری ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران غذائی مصنوعات کی برآمدات کی مالیت 3.96 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2023 کے دوران غذائی مصنوعات کی برآمد سے 3.48 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیاتھا ۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی کے پہلے6 ماہ کے دوران غذائی مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 0.48 ارب روپے یعنی 13.79 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔پی بی ایس کے مطابق افراط زر میں اضافہ کے باعث غذائی افراط زر میں نمایاں بڑھوتری کےباوجود غذائی اجناس کی برآمدات میں اضافہ کے نتیجہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں چاول کی قومی برآمدات بھی 14.50 فیصد کے اضافہ سے 1.87 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر بالحاظ وزن باسمتی چاول کی برآمدات 30.62 فیصد کی بڑھوتری سے 4 لاکھ 16 ہزار 491 ٹن تک بڑھی ہیں جبکہ بالحاظ مالیت باسمتی چاول کی برآمدات 18.06فیصد کے اضافہ سے جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران 433.82 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں ۔

مزید برآں غیر باستمی چاول کی برآمدات میں 13.47 فیصد اضافہ سے زرمبادلہ کا حصول 1.44 ارب ڈالر تک بڑھ گیا اور وزن لحاظ سے غیر باستمی چاول کی برآمدات میں 17.35 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 2.643 ملین ٹن تک پہنچ گیا ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی نئی منڈی تک رسائی سے چاول اور غذائی مصنوعات کی برآمدات میں مجموعی طور پر خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ۔