ریاض۔11جولائی (اے پی پی):سعودی عرب نے کہا ہے کہ غزہ جنگ نے تنازعہ فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل کوناگزیر بنا دیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مسئلہ فلسطین کےحوالے سے مملکت کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم موجودہ سیاسی افراتفری کے عالم میں بین الاقوامی نظام کے قوانین کے نفاذ پر زور دیتے رہیں گے۔
انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی خطے میں امن اور سلامتی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری اس بات پر متفق ہے کہ خطے میں استحکام کا حل صرف فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔