غزہ پٹی۔6نومبر (اے پی پی):اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں ایک مرتبہ پھر ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری کردی اور غزہ پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مواصلاتی لائنوں کو تیسری مرتبہ منقطع کر دیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل غزہ شہر کے شمال، مغرب اور جنوب مشرق کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے حملے کر رہاہے۔فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مواصلاتی لائنوں کو تیسری مرتبہ پھر منقطع کر دیا ہے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں غزہ کی پٹی کے ساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ خدمات کی مکمل منسوخی پر افسوس ہے۔ مرکزی روابط جو منسلک کردئیے گئے تھے اب ایک بار پھر اسرائیل نے انہیں دوبارہ منقطع ہوکردیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی کے شاطئی کیمپ، زیتون کالونی اور الرمال محلے پر آدھے گھنٹے کے اندر 100 سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی حملے کئے گئے۔
حماس نے اعلان کیا کہ متعدد اسرائیلی حملوں میں الشفا ہسپتال کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حماس نے کہا کہ وہ اسرائیل کے الزامات کے حوالے سے غزہ کی پٹی میں ہسپتالوں کا معائنہ کرنے کے لیے کسی بھی بین الاقوامی تنظیم کے افراد کو دورے کرانے کے لیے تیار ہے۔ دریں اثنا اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے گزشتہ گھنٹوں کے دوران غزہ میں 150 مقامات پر بمباری کی۔