غزہ میں امدادی سامان لے جانے والے 100 ٹرکوں کو لوٹ لیا گیا، اقوام متحدہ

119

اقوام متحدہ ۔19نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے دو امدادی اداروں نے بتایا کہ فلسطینوں کے لیے خوراک لے جانے والے 100 ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کے بعد لوٹ لیا گیا ۔

وائس آف امریکا کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارےیو این آر ڈبلیو اے کی سینئر ایمرجنسی افسر لوئیس واٹریج نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے فراہم کردہ خوراک لے جانے والے قافلے کو اسرائیل نے مختصر نوٹس پر کیرم شلوم بارڈر کراسنگ کے انجان راستے سے روانہ ہونے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ16 نومبر کو قافلے کے 109 ٹرکوں میں سے 98 پر حملہ کیا گیا اور کچھ ٹرانسپورٹر اس واقعے میں زخمی ہوئے، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ حملہ کس نے کیا۔

انہوں نے خوراک کے بحران کی شدید صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر فوری مداخلت نہیں کی گئی تو خوراک کی پہلے سے شدید قلت مزید خراب ہو سکتی ہے۔اس بحران میں 20لاکھ سے زیادہ افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا ،جو زندہ رہنے کے لیے انسانی ہمدردی کی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے ترجمان نے لوٹ مار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بہت سے راستے اس وقت سکیورٹی مسائل کی وجہ سے ناقابلِ رسائی ہیں۔