تل ابیب۔1جنوری (اے پی پی):غزہ میں جنگ کے خاتمے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے اسرائیلی وزرا کا اجلاس جمعرات(کل) کو ہو گا۔الجزیرہ نے اسرائیلی اخباریدیوٹ احرونوٹ کے حوالہ سے بتایا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے اس اہم اجلاس میں وزیر دفاع خاص طور سے شرکت کریں گے تاہم وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پروسٹیٹ سرجری کے باعث ہسپتال داخل ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں غزہ میں آئندہ کے انتظامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیر اعظم یہ کہہ چکے ہیں کہ اسرائیلی فوج کئی سال تک غزہ میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی اور قتل عام کے باعث جنگ کے بعد کے کسی بھی منصوبے اور اس پر عمل درآمد میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔