جنیوا۔14اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی)نے کہا کہ غزہ میں20 لاکھ سے زائد افراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی آر سی نے ایکس پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ غزہ میں لاکھوں افراد کے پاس سونے کی جگہ نہیں ہے، غزہ میں 20 لاکھ سے زائدافراد بنیادی ضروریات، پانی اور بجلی سے محروم ہیں۔ ایمبولینسز زخمیوں تک نہیں پہنچ سکتیں۔
شہریوں کو اس کے اثرات سے بچانے کی ضرورت ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ انہیں غزہ میں طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک انسانی راہداری کی ضرورت ہے۔فرانس کے شہر لیون میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ راہداری غزہ میں شہریوں کی حفاظت اور مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور کہا کہ انہیں خوراک، طبی خدمات اور سامان کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ غزہ کی پٹی میں24 گھنٹوں کے دوران بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 30 فیصد بڑھ کر 338 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بتایا کہ 218 ہزار بے گھر فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے 92 سکولوں میں آباد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں 2500 بستیوں اور 88 تعلیمی مراکز کو نقصان پہنچا ہے ۔