غزہ کے لیے ماہانہ مالی امداد فلسطینی وزیراعظم کے حوالے کر دی گئی

79
Palestine

مقبوضہ بیت المقدس۔30ستمبر (اے پی پی):فلسطین میں غیر مستقل سعودی سفیر اور بیت المقدس میں قونصل جنرل نایف بن بندر السدیری نے سعودی سفارتخانے میں غزہ کے لیے مقرر کردہ ماہانہ مالی امداد کی رقم فلسطینی وزیراعظم ڈاکٹر محمد مصطفیٰ کے حوالے کر دی ہے۔امداد کا مقصد غزہ میں انسانی صورتحال سے نمٹنے اور اسرائیلی جنگ کے باعث فلسطینی شہریوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔

اردو نیوز کے مطابقاس موقع پر فلسطینی وزیراعظم ڈاکٹر محمد مصطفیٰ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے جائز حقوق اور مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے جو کوششیں کر رہا ہے وہ قابل قدر ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ کے لیے ماہانہ مالی امداد کا فیصلہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی فلسطینی ریاست اور عوام کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے عزم کا نتیجہ ہے۔ قبل ازیں سعودی قیادت نے غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ماہانہ مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔