اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو 30 اکتوبر کی ڈید لائن دے دی گئی ۔وفاق کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے اب تک تقریباً 48 خاندان واپس وطن منتقل ہو چکے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وطن واپسی کے موقع پر افغان مہاجرین نے پاکستان میں گزارے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہاں پر گزرا وقت بہت اچھا تھا اور واپس جانا قسمت کا کھیل ہے،ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن برقرار رہے اور دونوں ممالک میں ہم آہنگی پیدا ہو۔افغان مہاجرین کا کہنا تھا کہ اپنے ملک واپسی پر ہم مطمئن ہیں اور اپنی مرضی سے واپس جا رہے ہیں،
پاکستانی حکومت نے کھلے دل سے ہمیں تسلیم کیا ،ہم اس ملک میں 16 سال آباد رہے،ہم اپنے وطن واپسی پر بہت خوش ہیں، آج نہیں تو کل واپس جانا ہی تھا۔ افغان مہاجرین کا کہنا تھا کہ حکومت کا فیصلہ خوش آئند ہے اور اسی میں ہمارے لئے بہتری ہوگی۔دونوں ممالک کی حکومتوں سے گزارش ہے کہ ہمیں بارڈر پار کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔