غیرملکی جریدے میں شائع ہونے والے آرٹیکل کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، طلال چوہدری

44

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے راہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ غیرملکی جریدے میں شائع ہونے والے آرٹیکل کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، عوام کا شدید ردعمل آنے کے بعد 1971 کی ویڈیو لگا کر بھی یہ لوگ مکر گئے، اب عدلیہ کو نشانہ بنا کر ملک میں تقسیم اور افراتفری پیدا کرکے بانی پی ٹی آئی کے لیے ریلیف حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کو کوئی اور ملے جو انہیں اپنے کندھوں پر بٹھا کر وزیراعظم ہائوس لے جائے، جھوٹ کہنا اور جھوٹ لکھنا ان کی پرانی عادت ہے۔

جمعرات کو انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی ہے، یہ جھوٹا بیانیہ بنانے کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پرتعیش قیدی ہیں، اس طرح کی سہولتیں دنیا میں کم ہی ملتی ہیں، یہ اس طرح ہی ہے کہ جیسے کسی نے ہوٹل بک کرایا ہے جہاں ایکسرسائز مشین، 7 کمرے، کک اور ڈاکٹروں کی سہولیات موجود ہوں، قیدی کے پاس 24 گھنٹے کی ملازم کی سہولت موجود ہو، اس کے باوجود یہ کہے کہ اسے کال کوٹھری میں رکھا گیا ہے، حالانکہ انہوں نے دوسروں کو کال کوٹھریوں میں رکھا تھا، انہوں نے اپنے دور میں کیمرے لگائے اور کیمروں میں دیکھ کر ٹھٹھے اڑاتے رہے، اصل میں انہوں نے جو خود کیا اسی بناء پر یہ جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے بین الاقوامی میڈیا پر بھی جھوٹ بولے جسے عالمی ذرائع ابلاغ کو شائع کرنے سے پہلے تصدیق کر لینی چاہئے تھی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا طریقہ ہی یہی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت سب کے سامنے جھوٹ پر مبنی بیانیہ لا رہے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ اسی بیانیے سے اپنے لیے فائدہ ڈھونڈا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 190 ملین کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، یہ اس مقدمے سے کسی طرح جان چھڑانا چاہتے ہیں، اسی غرض سے انہوں نے 1971 کی ایک ویڈیو لگائی، جب پورے ملک سے اس پر شدید ردعمل آیا تو یہ مکر گئے، اس کے بعد ملک میں افراتفری پھیلانے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ایک انٹرویو شائع کرایا گیا، یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے،

آئی ایم ایف کی ٹیم کو سبوتاژ کیا گیا اور بین الاقوامی سطح پر یہ کہا گیا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات نہ رکھے جائیں، اس کے بعد 9 مئی کو ملک کے اداروں پر حملہ کیا گیا، اب عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں، اب لوگ عدلیہ پر دبائو ڈال کر ریلیف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ بانی پی ٹی آئی کو فائدہ ملے، یہ سمجھتے ہیں کہ جتنی ملک میں افراتفری ہو گی اور ملک عدم استحکام کا شکار ہو گا تو بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملے گا، یہ چاہتے ہیں کہ ان کو کوئی اور ملے جو انہیں اپنے کندھوں پر بٹھا کر وزیراعظم ہائوس لے کر جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی جریدے میں ایک آرٹیکل جو شائع کرایا گیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، اس کی تصدیق ہونی چاہئے تھی، بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ مجرم ہے جس کو جیل میں ہر طرح کی سہولیات حاصل ہیں اس کے باوجود جھوٹ کہنا اور جھوٹ لکھنا ان کی پرانی عادت ہے۔