لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):غیر قانونی اسلحہ کے خلاف محکمہ داخلہ پنجاب کا بھرپور ایکشن، محکمہ داخلہ نے 28اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دئیے۔ محکمہ داخلہ کے جوڈیشل ونگ نے جعلی ڈیلرز کی دکانیں سیل کر دیں۔ جعلی ڈیلرز کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیساتھ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں اسلحے کی غیر قانونی خرید و فروخت پر زیرو ٹالرینس …
غیر قانونی اسلحہ کے خلاف محکمہ داخلہ پنجاب کی کارروائی،28اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دئیے، محکمہ داخلہ پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔23اکتوبر (اے پی پی):غیر قانونی اسلحہ کے خلاف محکمہ داخلہ پنجاب کا بھرپور ایکشن، محکمہ داخلہ نے 28اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کر دئیے۔ محکمہ داخلہ کے جوڈیشل ونگ نے جعلی ڈیلرز کی دکانیں سیل کر دیں۔ جعلی ڈیلرز کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیساتھ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں اسلحے کی غیر قانونی خرید و فروخت پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز کی ویری فکیشن کر رہا ہے۔
پنجاب میں 511اسلحہ ڈیلرز نے لائسنس کی توثیق کیلئے درخواست دی جن کی مکمل سکروٹنی کے بعد 393 اسلحہ ڈیلرز کے لائسنس کی تصدیق کر دی گئی ہے اور انہیں گرین سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ میں 90اسلحہ ڈیلرز کے کاغذات کی اسکروٹنی جاری ہے جن میں سے 44 اسلحہ ڈیلرز کی سماعت مکمل ہو گئی جبکہ 46 کی سماعت جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شفاف اور منصفانہ طریقہ کار کے تحت تمام کیسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں اسلحہ ڈیلرز کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا عمل تیز کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ غیر قانونی اسلحے کی نشاندہی اور بازیابی کیلئے متحرک ہے۔ اسلحہ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے عمل کو شفاف اور خودکار بنانے کیلئے نیا سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کی ہدایت پر تمام اضلاع میں اسلحہ ڈیلرز کی ریگولر انسپکشن کی جارہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں اسلحہ لائسنسز کی تفصیلات بھی جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں 10 لاکھ 12 ہزار 454 افراد کے پاس انفرادی اسلحہ لائسنس موجود ہیں۔ پنجاب میں سکیورٹی کمپنیوں کیلئے 37 ہزار 918 اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے جبکہ مختلف اداروں کے نام پر رجسٹرڈ اسلحہ لائسنسز کی تعداد 42 ہزار 272 ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر اسلحہ لائسنسز کی کل تعداد 10 لاکھ 92 ہزار 644 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں اسلحہ لائسنسز کا تمام ریکارڈ نادرا کی مدد سے آن لائن کیا جارہا ہے۔








