غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنےکی مہلت میں 11 دن باقی ہیں ،وزارت داخلہ کی انتباہ

122
وزارت داخلہ

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے انتباہ کی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو پاکستان چھوڑنےکی مہلت میں صرف 11 دن باقی رہ گئے ہیں ،31 اکتوبر تک غیر قانونی افراد کا ہر صورت پاکستان سے انخلاء ناگزیر ہے۔

وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی باشندوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 31 اکتوبر کے بعد کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو مزید ایک دن کی بھی مہلت فراہم نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی افراد کے انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے تمام علاقوں میں ایکشن کیا جائے گا جہاں غیر قانونی غیر ملکی آباد ہیں۔

ان افراد کے خلاف بھی کاروائی کی جاۓ گی، جو ان کو پناہ دیں گے۔معینہ مدت کے بعد غیر قانونی افراد کو پاکستان نہ چھوڑنے کی صورت میں گرفتاری اور ملک بدری کا سامنا کرنا پڑے گا۔