فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے کہا کہ فیصل آباد میں غیر قانونی وغیر منظور شدہ ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ شہر کی تعمیر وترقی کیلئے مختلف منصوبہ جات کی پلاننگ بھی زیرغور ہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے زیراہتمام تمام ہاؤسنگ کالونیز اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے تمام ڈیٹا بشمول مالی اموراور دیگر ضروری تفصیلات کو ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے تاکہ دفتری امور کے سلسلے میں اعلیٰ نظم ونسق اور سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ مقررہ فیس کے عوض ڈویلپرز کی رجسٹریشن کیلئے بھی میکنزم تیار کیا جارہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ہاؤسنگ کالونیز کے قیام کے معاملات کو باقاعدہ اور قانونی دائرے میں لانے میں مدد ملے گی نیز ڈویلپرزکو ہاؤسنگ لاز اور دیگر قانونی تقاضوں وقواعدوضوابط سے آگاہی کیلئے ٹریننگ ورکشاپس کا سلسلہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیز میں پارکس، مساجدودیگر پبلک یوٹیلیٹی سروسز کیلئے مختص اراضی کو گورنمنٹ،ایف ڈی اے کے نام عدم منتقلی کا بھی سخت نوٹس لیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی معاونت سے مفاد عامہ کیلئے مختص اراضی کا انتقال کرانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیز کے ڈویلپرز کی رہنمائی کیلئے الگ انفارمیشن سیل قائم کیا گیاہے جبکہ ڈویلپرزاور ایف ڈی اے کی کالونیز کے الاٹی افرادکے ذمہ سرکاری بقایا جات کی وصولی کیلئے ایک منظم مہم شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے سپورٹس کمپلیکس،گلستان پلازہ اور ایف ڈی اے سٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شہری سہولیات میں اضافہ کیلئے نئے عزم وجذبے سے سرگرم عمل ہیں اور ایف ڈی اے میں ون ونڈو کاؤنٹر کی سروسز کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے امور کے سلسلہ میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔