اسلام آباد ۔ 7 جنوری (اے پی پی)وزارت خزانہ نے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر حالیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہونے کے دعوے پر مبنی میڈیا رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ پیر کو وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان کے مطابق 6 جنوری 2019ءکو پریس کے ایک حصہ میں پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے حوالہ سے گمراہ کن دعویٰ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی ذخائر کی صورتحال کے بارے میں کوئی دعویٰ محض ”نیٹ انٹرنیشنل ریزروز“ کی صورتحال کی بنیاد پر نہیں کیا جا سکتا۔ دنیا بھر میں مرکزی بینکوں اور حکومتوں کی جانب سے فارورڈ سویپس اور بیلنس آف پیمنٹ سپورٹ جیسے انتظامات انٹرنیشنل ریزروز کو مستحکم کرنے کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ 3 جنوری 2019ءکی صورتحال کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 7.1 ارب ڈالر ہیں جبکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر کی کم ترین سطح 7 فروری 2014ءکو 2.8 ارب ڈالر تھی۔ حکومت پاکستان نے دوطرفہ اور کثیر الجہتی بنیادوں پر ادائیگیوں کے توازن کے سلسلہ میں رقوم کا انتظام کیا ہے جس سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کی صورتحال مزید مضبوط ہو گی۔