اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف ) کے عہدیداران نے غیر ملکی قرضوں کے استعمال میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں کو غیر پیداواری اخراجات کے بجائے معیشت کو ترقی دینے والی سرمایہ کاری پر خرچ کیا جانا چاہیے۔
پیاف کی جانب سے بدھ کو جاری مشترکہ بیان میں پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا کہ قرضوں کو سبسڈی دینے کی بجائے ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کی معیشت حقیقی معنوں میں ترقی کر سکے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ قرضوں کو صنعت کی توسیع، برآمدی ڈھانچے کی بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نجی شعبے کی ترقی پر خرچ کیا جانا چاہیے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہو ں گے اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔