
لاہور۔18دسمبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے2021کو کسانوں کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر میعاری بیج اور جعلی رزعی ادویات بنانیوالے قومی مجرم ہیں انکو نشانہ عبر ت بنایا جائے گا ۔ماضی کے حکمران کسانوں کیلئے صرف دعوے کرتے رہے ہیں عملی طور پر انکی کار کردگی زیر و رہی ہے مگر تحر یک انصاف کی حکومت کسانوں سے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ وہ جمعہ کے روز گور نر ہاﺅس لاہورمیں کسان ڈے کے موقع پر ”سلام کسان سر سبز پاکستان “تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن ،صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گر دیزی ،فاطمہ گروپ کے سی ای او فواد احمد مختار ،پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر اور سیکرٹری پاکستان کسان اتحاد چوہدری احسان اکرم اور گور نر پنجاب کے پولٹیکل سیکرٹری میاں کاشف اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا کہ ماضی کے حکمران کسانوں کے مسائل اور زراعت کے شعبے کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اور وزیر اعلی پنجاب کی سر براہی میں خصوصی کمیٹی قائم ہو چکی ہے جو کسانوں کے مسائل ’ریسر چ ‘کاٹن کی پیدوار میں اضافے سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے ہر ہفتے اجلاس کر رہی ہے اور انشااللہ ہم کسانوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ میعاری بیج کی فراہمی کیلئے بھی جنگی بنیادوں پر کام کر یں گے۔وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان کا کسان مضبوط اور خوشحال نہیں ہوگا ہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے مشن میں مکمل طور پر کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ کسانوں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کر یں گے جسکے لیے تمام وسائل بیرو کار لائے جائیں گے۔صوبائی وزیر حسین جہانیاں گر دیزی نے کہا کہ ہم پنجاب میں ماڈل ویلجز بنائیں گے جہاں محکمہ زراعت، لائیوسٹاک سمیت کسانوں کے متعلقہ تمام محکموں کے افسران موجود ہوں گے اورکسانوں کے مسائل انکے گھر کی دہلیز پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کیلئے مختلف پروگرام بھی شروع کر رہی ہے جن میں انکو بھر پور ریلیف دیا جائیگا ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے موجودہ حکومت صرف باتیں نہیں کر رہی بلکہ عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ اب مسائل سالوں نہیں بلکہ مہینوں میں حل کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔فاطمہ گروپ کے فواد احمد مختار نے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے جو بھی اقدامات کر ے گی ہم انکا بھر پور ساتھ دیں گے اور ہرسال کسانوں ڈے کو پہلے سے زیادہ بھر پور طر یقے سے منایا جائیگا۔