غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف مہم، پہلے روز 1323 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کو چالان جاری

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے غیر نمونہ، جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

لاہور۔1جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے غیر نمونہ، جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کے پہلے روز مجموعی طور پر 1323 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ اور "اپلائیڈ فار” نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر 588 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔فینسی نمبر پلیٹس اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس لگانے پر 315 موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ اگلی یا پچھلی جانب ٹوٹی ہوئی نمبر پلیٹس اور گاڑی کا ماڈل یا شناخت چھپانے پر 420 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان کیا گیا۔پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر ڈیفنس سرکل میں دو مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔مہم کے پہلے روز معمولی خلاف ورزیوں پر 4ہزار سے زائد گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کو قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے ایجوکیٹ بھی کیا گیا۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور، سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس یا غیر قانونی نیلی بتی کے استعمال پر دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی ٹرانسفر کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر اکثر گاڑیوں کی شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹس کا سہارا لیتے ہیں، جس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔