اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):جاری مالی سال کے دوران فارماسیوٹیکلز کی برآمدات میں 22.29فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار ےکے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران فارماسیوٹیکلز کی مصنوعات کی برآمدات 89.431 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران برآمدات سے 73.129 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 16.302 ملین ڈالر یعنی 22 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن بھی برآمدات میں 22.87 فیصد اضافہ ہوا ہےا ور برآمدات کا وزن 4722 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 5802 میٹرک ٹن تک بڑھ گیا۔ ادھر اکتوبر 2019 کے مقابلہ میں اکتوبر 2020 کے دوران برآمدات کی مالیت 20.08فیصد اضافہ سے 17.520 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.038 ملین ڈالر تک بڑھ گئی تاہم ستمبر 2020 کے مقابلہ میں اکتوبر 2020 کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 23.12 فیصد کمی ہوئی اور برآمدات کا حجم 27.366 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 21.038 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔