فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری طور پر آنا چاہئے، قوم اس فیصلے کی منتظر ہے،خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو

154

لاہور۔19جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ(ن )کے سینئر رہمنا خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری طور پر آنا چاہئے قوم اس فیصلے کی منتظر ہے ،انصاف کا ترازو سب کے لئے یکساں ہونا چاہئے، ہماری جماعت کا ووٹ بنک موجود ہے اورہم پنجاب میں کم بیک کریں گے،عمران خان کے پیدا کردہ فتنے کو انجام تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری طور پر آنا چاہئے قوم اس فیصلے کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انصاف کے لئے ڈیڑھ سال تک جیلوں میں پڑے رہے اور ہمیں سننے والہ کوئی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں عدل کا نظام ہونا چاہئے ایسا نہ ہو کہ طاقتور کو فوری انصاف مل جائے اور غریب مارا مارا پھرتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں کھل کر بولنا پڑے گا۔ ہمارے وزیر بننے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم اپنی زبان بند رکھیں اور عمران خان روزانہ کی بنیاد پر جھوٹ پر جھوٹ بولتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی میں بھی یہ بات کی ہے ۔ہمیں اب ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہو گا اور عمران خان کے پھیلائے فتنے کو انجام تک پہنچانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے ہوئی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں کسی پر الزام تراشی نہیں کروں گا، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے اپنی نشستیں دوبارہ جیتیں ہیں، ہمارا ووٹ بنک موجود ہے اور ہماری جماعت پنجاب میں کم بیک کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غلط طریقہ کار اختیار کر رکھا ہے جو اس کی مرضی کے مطابق فیصلہ نہ کرے وہ اس کے خلاف بولنا شروع کردیتے ہیں۔