پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، قمر زمان کائرہ

قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، حق خودارادیت اور الحاق پاکستان کے لئے کشمیری نوجوان اپنے آباؤ اجداد کی طرح پرعزم ہیں۔

منگل کو کشمیر کے یوم الحاق پاکستان کے حوالےسے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 75 سال قبل آج کے دن غیور کشمیروں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے سرینگر میں قرارداد منظور کی، حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں نے گزشتہ سات دہائیوں میں لاکھوں قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ وابستگی لازوال ہے، پاکستان سے کشمیریوں کے مضبوط رشتوں کو بھارت کسی صورت ختم نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی سبز ہلالی پرچم میں تدفین کشمیروں کی پاکستان سے وابستگی کا کھلا اظہار ہے، کشمیری پاکستان کے پرچم کو مقبوضہ کشمیر کے ہر گلی اور چوراہے پر لہراتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حق خودارادیت اور الحاق پاکستان کے لئے کشمیری نوجوان اپنے آباؤ اجداد کی طرح پرعزم ہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عزم کو توڑنے کے لئے تمام تر بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔