فاطمہ زہرا کیلئے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخی کامیابی پر وفاقی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند

فاطمہ زہرا کیلئے کامن ویلتھ گیمز میں تاریخی کامیابی پر وفاقی حکومت کی جانب سے 20 لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سند

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی حکومت نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی باکسر فاطمہ زہرا کو 20 لاکھ روپے کا نقد انعام اور تعریفی سند دی۔اسلام آباد میں منعقد والی ایک پروقار تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے فاطمہ زہرا کو 20 لاکھ روپے کا چیک اور تعریفی سند پیش کی اور ان کی تاریخی کامیابی کو پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا۔

فاطمہ زہرا نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز کے ویمنز 60 کلوگرام باکسنگ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز میں باکسنگ کے میدان میں تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ فاطمہ زہرا پوری قوم کے لیے فخر اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ان کی تاریخی کامیابی نے پاکستان باکسنگ اور بالخصوص خواتین کے کھیلوں کے لیے نئی امید پیدا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ زہرا کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی بیٹیاں عالمی کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

حکومت باصلاحیت خواتین اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیراعظم کا وژن ہے کہ پاکستان کے ہر بچے اور نوجوان کو کھیلوں کے محفوظ، معیاری اور قابل رسائی مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور کھیلوں کی سہولیات کو نچلی سطح تک وسعت دینے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ابتدائی سطح ہی سے تلاش کرکے عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکے۔

 

مزید خبریں