ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ، خیابانِ سرسید میں معروف مذہبی اسکالر علامہ سید ریاض حسین شاہ کی سرپرستی میں ذکرِ الٰہی اور تعلیماتِ قرآن پر مشتمل ایک روحانی و بابرکت محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی نظامت علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے کی۔
حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور تمام انسانیت کے لیے رحمت ہے، سید ریاض حسین شاہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔19اگست (اے پی پی):ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ، خیابانِ سرسید میں معروف مذہبی اسکالر علامہ سید ریاض حسین شاہ کی سرپرستی میں ذکرِ الٰہی اور تعلیماتِ قرآن پر مشتمل ایک روحانی و بابرکت محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی نظامت علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے کی۔
محفل میں حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت، سیرتِ طیبہ، مقام و مرتبہ، فضائل و کمالات اور آپ ﷺ سے محبت و عقیدت کی اہمیت کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا گیا۔ مقررین نے حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے قبل ظاہر ہونے والی نشانیوں اور حضرت آمنہ رضی اللہ عنہا کے مبارک خوابوں سے متعلق واقعات بھی بیان کیے اور اس امر پر زور دیا کہ حضور نبی کریم ﷺ سے سچی محبت اور والہانہ عقیدت ایمان کا اہم تقاضا ہے۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ریاض حسین شاہ نے قرآنِ کریم کی آیات کی روشنی میں کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور تمام انسانیت کے لیے رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرتِ طیبہ کو اپنی عملی زندگی کے لیے نمونہ بنانا چاہیے، قرآن و سنت سے اپنا تعلق مضبوط کرنا چاہیے اور معاشرے میں محبت، اخوت، حسنِ اخلاق اور اسلامی اقدار کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے شرکائے محفل پر زور دیا کہ وہ حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر نافذ کریں اور آپ ﷺ کی سیرت و کردار کو معاشرے میں امن، بھائی چارے اور اصلاح کا ذریعہ بنائیں۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی اور حضور نبی کریم ﷺ سے سچی محبت و عقیدت پیدا کرنے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔








