وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کمی متوقع ہے، یہ عوام کے لئے بڑا ریلیف اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا اہم اقدام ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں کمی عوام کے لئے بڑا ریلیف ہے، اس اقدام سے پوری معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، عطاءاللہ تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کمی متوقع ہے، یہ عوام کے لئے بڑا ریلیف اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا اہم اقدام ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت آج اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، سیکرٹری پٹرولیم اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات کئے جائیں اور ہر ممکن ریلیف عوام تک منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کا بڑا حصہ ملک میں مقامی طور پر ریفائن اور تیار کیا جاتا ہے، اس لئے اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کمی متوقع ہے۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور محنت کی۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کو جنگی حالات کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، خطے میں جنگ کے باعث پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہواتاہم حکومت نے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا، حکومت نے 130 ارب روپے کی لاگت سے ٹارگٹڈ سبسڈی بھی فراہم کی اور مشکل ترین حالات میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کی کوشش کی جو حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی ایک بڑا قدم ہے اور وزیراعظم کی جانب سے عوام کے لئے تحفہ اور بڑا ریلیف ہے۔ کاشتکار، گڈز ٹرانسپورٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ ڈیزل استعمال کرتے ہیں، اس لئے ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ان شعبوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کے حوالے سے آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں۔
ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کمی سے عوام پر عائد مالی بوجھ کم ہوگا اور اس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، آج کے مذاکرات کی کامیابی حکومت کی ایک بڑی کوشش ہے اور ڈیزل کی قیمت میں کمی سے پوری معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔








