سیالکوٹ یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام اوپن ہائوس

سیالکوٹ یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام اوپن ہائوس 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمپیوٹر سائنس کے تیزی سے ترقی کرتے شعبے میں جدت، جدید ٹیکنالوجی مستقبل کے پیشہ ورانہ مواقع اجاگر کئے گئے

سیالکوٹ،19 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام اوپن ہائوس 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمپیوٹر سائنس کے تیزی سے ترقی کرتے شعبے میں جدت، جدید ٹیکنالوجی مستقبل کے پیشہ ورانہ مواقع اجاگر کئے گئے ۔

تقریب کے انتظامات ڈاکٹر محمد سعد امین کی زیر نگرانی انجام دیئے گئے۔تقریب کا اہم حصہ ’’ایجنٹک اور روایتی پروگرامنگ: چیلنجز اور مواقع‘‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن تھا، جس میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ممتاز سابق طلبہ، بریمکس سافٹ ویئر ہائوس کے بانی اویس اور متحدہ عرب امارات کی ایک معروف کمپنی سے وابستہ سافٹ ویئر انجینئر فیضان نے شرکت کی۔ مقررین نے طلبہ کو صنعت کی ضروریات، پیشہ ورانہ تجربات، کیریئر کے مواقع اور جدید پروگرامنگ کے رجحانات کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں جبکہ طلبہ کے لیے عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

اوپن ہائوس کے دوران طلبہ، سابق طلبہ، اساتذہ اور مہمانوں نے فائنل ایئر پراجیکٹس، جدید ٹیکنالوجی کے عملی مظاہروں اور مختلف انٹرایکٹو سیشنز کا جائزہ لیا۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کے لیے نئی مہارتوں کا حصول اور صنعت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کی خدمات اور تعاون کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں شرکا نے شعبہ کمپیوٹر سائنس کی جانب سے طلبہ کو عملی تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی کاوشوں کو سراہا۔