ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ۔II حیدرآباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II حیدرآباد مہوش اعجاز کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سماجی و سیاسی امور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد، وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی ہدایات اور ضلعی سطح پر جاری مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا

حیدرآباد۔ 19 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II حیدرآباد مہوش اعجاز کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سماجی و سیاسی امور کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد، وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی ہدایات اور ضلعی سطح پر جاری مختلف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وفاقی و صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں اور ہدایات پر ضلعی و تعلقہ سطح پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے جمع کرائی جائیں۔ مہوش اعجاز نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مقامی سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں، عمائدینِ علاقہ، مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھیں تاکہ حکومتی اقدامات، عوامی آگاہی، باہمی ہم آہنگی اور امن و امان سے متعلق امور کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سپورٹس آفیسر نے اجلاس کو بتایا کہ رواں ماہ مختلف کھیلوں کے پروگرام، سپورٹس سمر کیمپس اور فیفا ورلڈ کپ کی سکریننگ سمیت متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے ضلعی اور تعلقہ سطح پر ماہانہ جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا جبکہ اجلاسوں کی کارروائی اور پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیں گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II مہوش اعجاز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پیش رفت رپورٹس کے ساتھ تصاویر، حاضری شیٹس، میڈیا کوریج اور دیگر متعلقہ دستاویزی شواہد بھی باقاعدگی سے دفتر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II میں جمع کرائیں تاکہ جاری سرگرمیوں اور فیصلوں پر عملدرآمد کا مؤثر ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔