سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کا رواں مالی سال کے لیے 1.53 ٹریلین روپے کی سیونگز موبلائزیشن کا ہدف مقرر

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے مالی سال 2026-27 کے لیے 1.53 ٹریلین روپے کی بچتیں جمع کرنے (سیونگز موبلائزیشن) کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا مقصد قومی بچت کے دائرہ کار کو وسیع کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے مالی سال 2026-27 کے لیے 1.53 ٹریلین روپے کی بچتیں جمع کرنے (سیونگز موبلائزیشن) کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا مقصد قومی بچت کے دائرہ کار کو وسیع کرنا، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا اور مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔نیا ہدف مالی سال 2025-26 کے دوران 1.384 ٹریلین روپے کی کامیاب بچت موبلائزیشن کے بعد مقرر کیا گیا ہے، اس دوران ادارے نے اپنا سالانہ ہدف مکمل طور پر حاصل کیا جو حکومت کی پشت پناہی سے چلنے والی بچت سکیموں پر عوام کے مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق سی ڈی این ایس نے یکم جولائی 2025ء سے 30 جون 2026ء کے دوران 1.384 ٹریلین روپے کی بچت موبلائز کی، یہ کارکردگی بدلتے ہوئے معاشی حالات اور مالیاتی شعبے میں بڑھتے ہوئے مقابلے کے باوجود محفوظ اور کم خطرے والی سرمایہ کاری کے ذرائع کی مسلسل طلب کو ظاہر کرتی ہے۔حکام کے مطابق ادارہ گھریلو بچت کے رجحان کو فروغ دینے، زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو رسمی مالیاتی نظام میں شامل کرنے اور شہریوں کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے قابل اعتماد مواقع فراہم کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔

سی ڈی این ایس حکومت کے لیے ملکی وسائل کو متحرک کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے جبکہ اس کی بچت مصنوعات افراد اور گھرانوں کو منظم مالیاتی منصوبہ بندی اپنانے کی ترغیب دیتی ہیں۔اپنی مصنوعات کے دائرہ کار کو متنوع بنانے کی کوششوں کے تحت سی ڈی این ایس نے مالی سال 2025-26 کے دوران اسلامی بچت کی مصنوعات کے لیے 60 ارب روپے مختص کیے ،اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کو شریعہ کے مطابق سرمایہ کاری کے متبادل مواقع فراہم کرنا اور پاکستان کے اسلامی مالیاتی شعبے کے فروغ میں معاونت کرنا ہے۔مالی سال 2024-25 کے دوران سی ڈی این ایس نے مجموعی بچت موبلائزیشن کا ہدف 1.65 ٹریلین روپے مقرر کیا تھا جس میں اسلامی مالیاتی مصنوعات کے لیے 170 ارب روپے کا ہدف بھی شامل تھا۔

سی ڈی این ایس نے گزشتہ چند برسوں کے دوران بچت موبلائزیشن میں مضبوط کارکردگی برقرار رکھی ہے۔مالی سال 2023-24 میں ادارے نے 1.742 ٹریلین روپے جمع کیے جو 1.7 ٹریلین روپے کے ہدف سے زیادہ تھے۔ مالی سال 2022-23 میں بھی سی ڈی این ایس نے 1.6 ٹریلین روپے کا مقررہ ہدف حاصل کیا۔اسی طرح مالی سال 2021-22 میں ابتدائی طور پر 1.3 ٹریلین روپے کا ہدف مقرر کیا گیا جسے بہتر مارکیٹ حالات اور توقعات سے زیادہ بچت موبلائزیشن کے بعد بڑھا کر 1.4 ٹریلین روپے کر دیا گیا ۔حکام نے مسلسل بہتر کارکردگی کو ادارہ جاتی اصلاحات، کارکردگی میں بہتری، ڈیجیٹل تبدیلی اور صارفین پر مرکوز اقدامات سے منسوب کیا جن کا مقصد قومی بچت کی خدمات کو زیادہ قابل رسائی بنانا ہے۔

ادارے نے ملک بھر میں اپنے نیٹ ورک کو بھی مزید مضبوط کیا ہے اور سرمایہ کاروں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے سروس ڈیلیوری میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھا ہے، بالخصوص ان افراد کے لیے جو حکومت کی ضمانت یافتہ محفوظ سرمایہ کاری مصنوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔حکام نے توقع ظاہر کی کہ مالی سال 2026-27 کے لیے 1.53 ٹریلین روپے کا نیا ہدف پاکستان میں بچت کے کلچر کو مزید مضبوط بنانے اور ملکی وسائل کو متحرک کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

ان کے مطابق رسمی بچت سکیموں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت نہ صرف شہریوں کو محفوظ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گی بلکہ قومی ترقی کے لیے ملکی وسائل کی دستیابی بڑھا کر وسیع تر معاشی استحکام میں بھی کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں