وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کی انرجی سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مقامی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کیا جائے گا، علی پرویز ملک
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کی انرجی سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مقامی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کیا جائے گا، علی پرویز ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کی انرجی سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مقامی ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کا عمل تیز کیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے اپنی ٹیم کے ہمراہ کراچی میں ریفائنریوں کا دورہ کریں گے جہاں ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر بات چیت کے ساتھ ساتھ ریفائنری آپریٹرز کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وہ کام کریں گے جو گزشتہ 70 سے 80 سال میں نہیں ہوسکا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ بعض مقامی ریفائنریوں میں کھٹے اور بھاری خام تیل کو پراسیس کرنے کی صلاحیت محدود ہے جس کے باعث پاکستان کو زیادہ مہنگا خام تیل درآمد کرنا پڑتا ہے جس سے صارفین کے لیے ڈیزل اور پٹرول کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں آنے والے دنوں میں ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بانڈڈ سکیموں کو فعال بنانے اور ملکی ضروریات کے لیے دوست ممالک سے خام تیل کو محفوظ بنانے کے انتظامات وضع کرنے پر بھی کام کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان اقدامات سے پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے اور توانائی کے شعبے میں موجود کمزوریوں کو مستقل بنیادوں پر دور کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وعدے کے مطابق دستیاب مواقع کے فوائد عوام تک پہنچائے جائیں گے۔








