ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا علی الصبح جناح روڈ، فرنیچر مارکیٹ روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ کا دورہ ،سیوریج منصوبوں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح جناح روڈ، فرنیچر مارکیٹ روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ کا دورہ کیا ۔ واٹر سٹوریج اور سیوریج پائپ لائن منصوبوں کی تکمیل کے بعد سڑکوں کی بحالی کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

گوجرانوالہ۔ 19 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح جناح روڈ، فرنیچر مارکیٹ روڈ اور کچا ایمن آباد روڈ کا دورہ کیا ۔ واٹر سٹوریج اور سیوریج پائپ لائن منصوبوں کی تکمیل کے بعد سڑکوں کی بحالی کے جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔سڑکوں کی بحالی کے کاموں میں سست روی اور تاخیر پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام بحالی کے کام آئندہ ایک ہفتے کے اندر ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں ایم ڈی واسا سمیت ذمہ دار افسران و اہلکاروں اور کنٹریکٹرز کے خلاف مقدمات درج کرانے کے ساتھ ساتھ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ترقیاتی اور بحالی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کچا ایمن آباد روڈ، پپلی والا چوک سے ملحقہ علاقوں اور سٹی فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ریلوے لائن اور سیالکوٹی پھاٹک سے شیرانوالہ باغ تک صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو ریلوے لائن کے اطراف موجود کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کچرے کے ڈھیروں کے بروقت خاتمے کے ساتھ ساتھ صفائی کے تسلسل کو بھی یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ذیشان ندیم، ایم ڈی واسا عبدالوحید، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عبدالرزاق ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) اشعر جمیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔