فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، وزیر داخلہ محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھرپور ستائش کی ہے۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھرپور ستائش کی ہے۔

اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 32 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی یہ کامیابیاں انتہائی قابل تحسین اور فخر کے قابل ہیں۔

انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ محسن نقوی نے واضح الفاظ میں تنبیہ کی کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو اب ملک کے کسی کونے میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔