گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان میں امریکہ کی ناظم الامور کی ملاقات،معاشی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان میں امریکہ کی ناظم الامور کی ملاقات،معاشی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 29 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں امریکہ کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاورکے مطابق ملاقات میں سرمایہ کاری، کھیلوں کے ذریعے سفارت کاری، تعلیم، سیاحت، علاقائی امن اور معاشی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے لیے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ، خیبر پختو نخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صوبہ معدنیات، قیمتی پتھروں، آبی وسائل، پن بجلی، قدرتی گیس اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ استعداد رکھتا ہے، جبکہ مذہبی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن سے استفادہ کرتے ہوئے عالمی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں مقامی افراد کے ساتھ شراکت داری کو بھی مؤثر بنانے کی تجویز پیش کی۔ گورنر نے حالیہ امریکہ، ایران تنازع اور اس کے بعد امن کے لیے ہونے والی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام سے خیبرپختونخوا کو نمایاں فائدہ پہنچ سکتا ہے، کیونکہ صوبہ وسیع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جو بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تاثر کے باوجود خیبرپختونخوا میں معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

نیٹلی بیکر نے گورنر کے مجوزہ دورہ امریکہ سے متعلق تجویز دی کہ گورنر کے ہمراہ کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد بھی امریکہ کا دورہ کرے تاکہ خیبر پختو نخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے ہیوسٹن سمیت امریکی شہروں کے ساتھ سسٹر سٹی پارٹنرشپ کے امکانات تلاش کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ ملاقات میں اسپورٹس ڈپلومیسی کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیٹلی اے بیکر نے خیبر پختو نخوا میں کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے فروغ کے لیے گورنر فیصل کریم کنڈی کی کوششوں کو سراہا۔ گورنر نے امریکی وفد کو خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ کے آغاز اور سفارتی برادری کے ارکان پر مشتمل گورنر الیون کے آئندہ کرکٹ اور فٹ بال میچز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کھیلوں کے ذریعے سفارتی تعلقات کو فروغ دینا اور عوامی سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں، تاہم معیاری تعلیم تک رسائی کو وسعت دینا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی انتہاپسندی کے پھیلاؤ کو روکنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ملاقات میں دونوں جانب سے سرمایہ کاری، تجارت، تعلیم، اسپورٹس ڈپلومیسی اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔