فرانس میں تیسرا میگا پاکستان فیسٹیول بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے جبر و استبداد کا شکار کشمیری عوام سے یکجہتی سے منسوب

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) فرانس میں تیسرے میگا پاکستان فیسٹیول کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے جبر و استبداد کا شکار کشمیری عوام سے یکجہتی سے منسوب کر دیا گیا، فرانس کے نواحی شہر سارسیلس میں منعقدہ میگا پاکستان فیسٹیول کا افتتاح مشترکہ طور پر فرانس میں پاکستانی سفیر معین الحق، فرانسیسی پارلیمنٹ کے رکن فرانسس پپونی اور سارسیلس کے میئر پیٹرک ہداد نے کیا۔ …

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) فرانس میں تیسرے میگا پاکستان فیسٹیول کو بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے جبر و استبداد کا شکار کشمیری عوام سے یکجہتی سے منسوب کر دیا گیا، فرانس کے نواحی شہر سارسیلس میں منعقدہ میگا پاکستان فیسٹیول کا افتتاح مشترکہ طور پر فرانس میں پاکستانی سفیر معین الحق، فرانسیسی پارلیمنٹ کے رکن فرانسس پپونی اور سارسیلس کے میئر پیٹرک ہداد نے کیا۔ اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق مقامی فرانسیسی سیاستدانوں، غیر ملکی سفارتکاروں، فرانسیسی سول سوسائٹی کے اراکین، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور فرانس میں مقیم پاکستانیوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہزاروں کی تعداد نے میلے میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر فیسٹیول کی انتظامی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فرانس میں کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور وکالت کرنے پر پاکستانی کمیونٹی کو بھی سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق استصواب رائے کے ملنے تک پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر فرانسیسی پپونی پیٹرک ہداد نے بھی خطاب کیا اور فیسٹیول کے انعقاد پر پاکستانی کمیوٹی کو مبارکباد دی اور کہا کہ فرانس کے ثقافتی ورثے میں یہ ایک گراں قدر اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول سے فرانس کے عوام کو فرانس میں منی پاکستان دیکھنے کا ایک حقیقی موقع ملا ہے۔ قبل ازیں ننھے منے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے تقاریر کیں۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس فیسٹیول میں پاکستانی کھانوں، مصنوعات اور روایتی سوینئرز کے سٹال سجائے گئے تھے جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہے۔ ممتاز پاکستان گلوکار ساحر علی بگا اور شگفتہ اعوان نے خصوصی طور پر میلے میں شرکت کی اور ملی نغموں اور صوفیانہ کلام کے ذریعے شرکاءکو محظوظ کیا۔