فرانس کے ساتھ پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں 10 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پراضافہ

State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔25مئی (اے پی پی):فرانس کے ساتھ پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پراضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں فرانس کوپاکستانی برآمدات میں 13 فیصد کی نمو جبکہ فرانس سے درآمدات میں 8 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراپریل تک کی مدت میں فرانس کوبرآمدات سے ملک کو487.19 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.26 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرانس کوبرآمدات سے ملک کو430.13 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا، اپریل میں فرانس کوپاکستانی برآمدات کاحجم 46.39ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومارچ میں 47.20 ملین ڈالراورگزشتہ سال اپریل میں 50.47 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2022 میں فرانس کومجموعی طورپر531.60 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں فرانس سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں فرانس سے 352.69 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 380.18 ملین ڈالرتھی، اپریل میں فرانس سے 15.30 ملین ڈالرکی درآمدات ہوئیں جومارچ میں 21.70 ملین ڈالر اورگزشتہ سال اپریل میں 39.77 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2022 میں فرانس سے درآمدات پر515.51 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔