فرنیچر انڈسٹری کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کیلئے فرنیچر سٹی کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا، وزیر صنعت و تجارت پنجاب

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل، کاروباری سہولتوں اور شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لاہور۔11جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پیسک ہائوس میں ملاقات کی،

وفد کی قیادت چیئر مین ایسوسی ایشن محمد افضل کر رہے تھے۔ اس موقع پر ویتنام کے اعزازی قونصل جنرل رضوان فرید بھی موجود تھے ،اس دوران فرنیچر کی برآمدات بڑھانے کی تجاویز،عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنانے اور فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران وفد کی گجرات میں50 ایکڑ رقبے پر فرنیچر سٹی کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اس فرنیچر سٹی میں عالمی معیار کے فرنیچر کالج اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون بنانے کی تجویز پر غور ہوا۔ چوہدری شافع حسین نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کیلئے فرنیچر سٹی کے قیام کی تجویز اچھی ہے اس کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ویتنام ہرسال تقریبا 17ارب ڈالر کا فرنیچر برآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے صرف 7.8ملین ڈالر کا فرنیچر برآمد ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گجرات اور چنیوٹ فرنیچر سازی میں شہرت رکھتے ہیں اور یہاں سے برطانیہ، امریکس،کینیڈا اور مشرق وسطی کے ممالک کو فرنیچر جاتا ہے فرنیچر انڈسٹری میں برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے فرنیچر کی برآمدات بڑھانے کیلئے ویتنام کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ویتنام کی فرنیچر ایسوسی ایشن سے وڈیو لنک پر بھی میٹنگ کی گئی ہے اور اس میٹنگ کا مقصد پاکستان میں فرنیچر کی برآمدات اور پیداوار بڑھانے کی تجاویز کا جائزہ لینا تھا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیارہے۔ چیئر مین ایسوسی ایشن نے بتایا کہ آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن نے فرنیچر سازی کی تربیت کیلئے وفاقی ادارے نیوٹاک سے معاہدہ کر رکھا ہے اور اس معاہدے کے تحت نیوٹاک کے اشتراک سے لیبر کو فرنیچر سازی کی تربیت کے حوالے سے 7 مختلف کورسز کرائے جارہے ہیں فرنیچر کی برآمدات بڑھانے اور فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کیلئے ویتنام کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اس مقصد کیلئے ویتنام کی فرنیچر انڈسٹری کے ساتھ جائنٹ وینچر بھی کئے جاسکتے ہیں، وفد میں علی عنصر گھمن،رانا بلال، رضوان، ماجد اقبال،کاظم لقمان اور دیگر شامل تھے۔