
لاہور۔16 فروری(اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے گورنمنٹ عبدالرحیم میموریل ہسپتال سوڈیوال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزراءنے ایمرجنسی، لیبر روم،آوٹ ڈور، آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبہ جات میں صفائی ستھرائی و دیگر طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا، لوگوں نے مجموعی طور پر ہسپتال میں طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم بعض شکایات بھی کیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بھی صوبائی وزیر صحت سمن آباد ہسپتال کا دورہ کرچکی ہیں اور اس دورے کے دوران ہسپتال میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور اس دورے کے دوران جو خامیاں سامنے آئی ہیں انہیں دور کرکے اس ہسپتال کو علاقے کے بہترین ہسپتال بنایاجائے گا۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت ہسپتالوں میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھا رہی ہے اور سرکاری ہسپتالو ں کو فلاحی ریاست کے اصولوں کے مطابق چلانے کی کوشش کررہی ہے، سرکاری ہسپتالوں کو ایسے شفاخانے بنائیں گے جہاں عام آدمی کو معیاری دوا اور علاج مفت مل سکے۔ سوڈیوال ہسپتال کو بھی جدید ترین طبی سہولتوں سے آراستہ کریں گے اور ہماری کوشش ہے کہ اس ہسپتال میں بھی 24 گھنٹے لوگوں کو طبی سہولتیں ملیں نیزہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کو بھی دور کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی منتخب نمائندوں کو اپنے متعلقہ علاقوں کے ہسپتالو ں میں جاکر طبی سہولیات کا جائزہ لینا چاہیے۔صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہسپتال کے دورے کے دوران ہدایت کی کہ ہسپتال میں میں انیستھیزیا سمیت تمام طبی سہولیات کو یقینی بنایاجائے۔ انہو ں نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کا عمل پنجاب کے پسماندہ ترین علاقوں سے کیاجارہاہے، 22 فروری سے راجن پور اورڈیرہ غازی خان سے ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کا کام شروع کردیاجائے گا، پنجاب بھر کے ہسپتالو ں میں اچانک دورہ کرکے طبی سہولیات کا جائزہ لیاجارہاہے جبکہ سابقہ حکومت نے صرف زبانی جمع خرچ کرکے عوا م کو 100 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا۔ انہو ں نے کہاکہ لاہور میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ذمہ داران کے تعین کے لئے باقاعدہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔انہو ں نے کہاکہ پولیو وائر س کا جو کیس سامنے آیاہے اس کی وجہ ہے کہ اس کو ویکسینیشن کا عمل مکمل نہیں کیاگیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں شعور پیدا کیاجائے کہ وہ اپنے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کسی بھی ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سمیر احمد نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کے بارے میں صوبائی وزراءکو آگاہ کیا۔