اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27 فروری ہماری تاریخ کا یادگار دن اور روشن باب ہے، اس دن ہماری بہادر فوج نے دشمن کو سرپرائز دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری امن کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھے، بھارت نے ہماری سرحدوں کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی کے گاؤں کنڈن میں سوئی گیس فراہمی منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے جوانو نے فضاوں سے بھارتی پائلٹ کو نیچے گرایا،ہم خطے میں امن کے خواہشمند ہیں، امن کے اس جذبے کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے، پڑوسیوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر پلیٹ فارم پر کہا ہے کہ ہم کشمیر میں امن چاہتے ہیں اورکشمیری عوام کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہیے، حق خوداردایت کشمیر عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے سود کے خلاف بل پاس کیا ہے،پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ریاست جس میں امیر اور غریب برابر ہوں، کمزور اور طاقتور کے لیے ایک جیسا قانون ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نبی کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر حضورﷺ کی حرمت کے لیے آواز اٹھائی، پہلی بار پشتونوں کو حکومت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پشتونوں کو شناخت دی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سیٹ کے لیے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا،آج کے حالات کی وجہ سابق حکومتیں ہیں جو قومی اداروں کو نقصان میں چھوڑ کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی اداروں کو بری طرح لوٹا گیا، پانچ سال کے بعد کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ آئیں گے،ماضی کے برعکس آج ایل این جی کے نئے سستے معاہدے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کے لیے سیاست نہیں کر رہے، عمران خان کو اللہ نے ہر میدان میں کامیاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کھیل کا میدان ہو سماجی خدمات ہوں وزیراعظم پاکستان نے ہمیشہ ملک کا نام روشن کیا، مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ پاک عمران خان اور پاکستان کے عوام کو کامیاب کرے گا، آج ملک کی معشیت بہتر ہو رہی ہے صنعت چل رہی ہے۔