فضل الرحمان کے پاس اب کوئی ایشو ہے نہیں جس پر سیاست کریں اس لئے اب پی ڈی ایم اے کو اپنی سیاست کے لئے استعمال کررہے ہیں ،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فضل الرحمان کے پاس اب کوئی ایشو ہے نہیں جس پر سیاست کریں تو اب پی ڈی ایم اے کو اپنی سیاست کے لئے استعمال کررہے ہیں ،پوری قوم جانتی ہے کہ ان کی تحریکوں کا مقصد اقتدار میں حصہ لینے کے لئے ہوتی ہے ، پہلی مرتبہ فضل الرحمان اقتدار سے باہر ہیں اسی لئے تحریک کے لئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ہیں ،ان کے لئے ادارے اسی وقت تک اچھے ہوتے ہیں جب تک ان سے کوئی سوال نہ کرے ،جب کوئی ادارہ ایکشن لیتا ہے یا سوال کرتا ہے تو پھر ادارے ان کے ہدف پر آجاتے ہیں ۔

جمعہ کو فضل الرحمان کی میڈیا ٹاک پر اپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں عبرت ناک شکست کے بعد مولانا فضل الرحمان حکومت کو غیر آئینی طریقے سے گرانے کے لئے ہر حربہ استعمال کرچکے ہیں ، پی ڈی ایم بنائی، تمام شکست خوردہ عناصر کو اکٹھا کیا ، جلسے جلوس کیے ،ناکام لانگ مارچ کیا ،ہر محاذ پر پسپائی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو ریاست کے طور پر سمجھتے توفضل الرحمان کبھی بھی ایسی غیر آئینی سازشوں کے بانی نہ ہوتے ، فضل الرحمان جب کشمیرکمیٹی کے چیئرمین تھے تو اس عہدے کے ساتھ بھی دیانتداری نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ماضی کی تمام حکومتوں سے بہتر اور موثر ہے ،آج پوری دنیا پاکستان کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، اس کے خلاف منفی پرپیگنڈہ کرنے والے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔