اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ ہمدردی، مشترکہ خوشحالی اور قومی ذمہ داری پاکستان کی اخلاقی معیشت کے بنیادی ستون ہیں،پہلا سکلز امپیکٹ بانڈ بہت جلدنیوٹیک کے ذریعے متعارف کرایاجائیگا۔ بدھ کویہاں پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی(پی سی پی)کے زیر اہتمام کارپوریٹ فلانتھراپی رپورٹ 2024 کے اجرا اور ایوارڈ تقریب سے مہمان خصوصی کے طورپرخطاب کرتے وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمدردی، مشترکہ خوشحالی اور قومی ذمہ …
حکومت پی سی پی کو ملک میں مضبوط کلچر آف گیونگ کے فروغ میں مکمل تعاون فراہم کرے گی،وزیرخزانہ سینیٹرمحمداورنگزیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ ہمدردی، مشترکہ خوشحالی اور قومی ذمہ داری پاکستان کی اخلاقی معیشت کے بنیادی ستون ہیں،پہلا سکلز امپیکٹ بانڈ بہت جلدنیوٹیک کے ذریعے متعارف کرایاجائیگا۔ بدھ کویہاں پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی(پی سی پی)کے زیر اہتمام کارپوریٹ فلانتھراپی رپورٹ 2024 کے اجرا اور ایوارڈ تقریب سے مہمان خصوصی کے طورپرخطاب کرتے وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمدردی، مشترکہ خوشحالی اور قومی ذمہ داری پاکستان کی اخلاقی معیشت کے بنیادی ستون ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفرادی اور کارپوریٹ دونوں سطحوں پر فلانتھراپی پاکستان کی قومی شناخت کی ا نمایاں خصوصیت ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ان سے اکثر اقتصادی بحالی، کلی معیشت کے استحکام اور ایسے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے روڈمیپ کے بارے میں سوال کیے جاتے ہیں جو جامع اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ضروری ہیں،اگرچہ یہ تمام مسائل انتہائی اہم ہیں، لیکن آج کی تقریب میں شرکت بھی اتنی ہی اہم ہے، کیونکہ یہ پاکستان میں خیرات وعطیات دینے اور سماجی بہبود کے لیے اجتماعی عزم کا عکاس ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر غیرمعمولی طور پر عطیات دینے والے ملک کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور ورلڈ گیونگ انڈیکس کے مطابق پاکستان 101 ممالک میں سے 17ویں نمبر پر ہے، اس سے پاکستانی قوم کے خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جذبہ سخاوت کی عکاسی ہورہی ہے۔ کراچی میں گزارے گئے پیشہ ورانہ اور نجی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ شہر قائد طویل عرصے سے ملک میں فلانتھراپی اور کارپوریٹ گیِونگ کی قیادت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی سطح پر شہروں کی بنیاد پر کوئی رینکنگ کی جائے تو کراچی اس حوالہ سے دنیا کے صف اول کے شہروں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ ملک کے دیگر خطے بھی بڑھ چڑھ کرفلاحی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں تاہم کراچی اب بھی نمایاں اور قابل تقلید ہے۔وزیرخزانہ نے پاکستان میں کارپوریٹ فلانتھراپی کے تسلسل کو بھی سراہا اور کہا کہ معاشی اتار چڑھائو اورچیلنجوں کے باوجود کارپوریٹ گِیونگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس حوالہ سے تازہ اعداد و شمار کا حوالہ بھی دیا جن کے مطابق 400 سے زائدفہرستی کمپنیوں میں سے 300 سے زیادہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں اور تقریباً ایک تہائی کمپنیاں اپنی سرگرمیوں کو باقاعدہ طور پرجاری بھی کرتی ہے ۔
انہوں نے ان کمپنیوں پر زور دیا جو اب تک اپنی سماجی خدمات ظاہر نہیں کر رہیں کہ وہ شفافیت کو اپنائیں، کیونکہ یہ عمل نہ صرف معاشرے بلکہ عطیات کے جذبہ کے لیے بھی تقویت کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فلانتھراپی کے اعلانات رول ماڈلنگ کو فروغ دیتے ہیں اور زیادہ وسیع شمولیت کا راستہ کھولتے ہیں، قانون سازی یا ہدایات کو ہمیشہ آخری حل کے طور پر ہی دیکھا جانا چاہیے۔وزیرخزانہ نے نجی شعبے کے اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ایسی تنظیم کے سربراہ رہے جہاں سالانہ منافع کا 1 فیصد باقاعدگی سے کارپوریٹ فائونڈیشن کے لیے مختص کیا جاتا تھا جو بعد میں بورڈ نے بڑھا کر 1.5 فیصد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیاں حقیقی چیمپئن ہیں جو دوسروں کے لیے مثال قائم کر رہی ہیں، سماجی سرمایہ کاری کے لیے ان کمپنیوں کے عزم سے پاکستان کی سماجی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ وزیرخزانہ نے پی سی پی کے ظفر خان کی دیانت، خدمات اور شاندار کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی میں ان کی قیادت نے ملک میں فلانتھراپی کے ادارہ جاتی فروغ کو نئی سمت دی۔
انہوں نے شفافیت، اعتماد اور منظم سرٹیفکیشن کے نظام کی تشکیل میں پی سی پی کے اہم کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ سینٹر سرٹیفیکیشن اور ایویلیوایشن کے تمام مراحل میں مزید بہتری، بروقت تکمیل اور مضبوطی یقینی بنائے۔ وزیرخزانہ نے سینٹرکے کام کو حکومت کی ان وسیع تر کوششوں سے بھی جوڑا جو سماجی شعبے کو انوویٹو فنانسنگ کے ذریعے مضبوط بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بطور سربراہ وزیراعظم کے سوشل امپیکٹ فنانسنگ فریم ورک کے حکومت عمومی اخراجات کے بجائے نتائج پر مبنی اور اثر انگیز فنانسنگ کی طرف بڑھ رہی ہے جس کے ذریعے سرکاری، نجی اور فلاحی سرمایہ کو یکجا کیا جائے گا تاکہ ناپنے کے قابل معاشرتی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے مہناز اکبر اور شازیہ امجد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی تکنیکی رہنمائی اور فیلڈ کے تجربے نے اس فریم ورک کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ برٹش ایشین ٹرسٹ کے تعاون سے پاکستان کا پہلا سکلز امپیکٹ بانڈ بہت جلدنیوٹیک کے ذریعے متعارف کرایاجائیگا، اس کا مقصد مہارتوں کی ترقی اور سماجی شعبے کی پائیدار فنانسنگ کی جانب پیش قدمی ہے تاکہ روایتی فنڈنگ کے بجائے کیپیٹل مارکیٹ کے آلات استعمال کیے جا سکیں۔
وزیر خزانہ نے تمام ایوارڈ یافتگان کو کارپوریٹ فلانتھراپی میں ان کی قیادت پر مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ حکومت پی سی پی کو پاکستان میں مضبوط کلچر آف گیونگ کے فروغ میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ذمہ دار اور مقصدی عطیات کو فروغ دینے والے محرکات اور سہولت کاری کے فریم ورک کی تلاش کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تقریب میں مدعو کیے جانے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی کو آئندہ سال کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔








