فلاپ فلمیں لندن جا کر بیٹھ گئی ہیں، چارلس گوتھری نے رانا شمیم بیان حلفی پر نواز شریف کے گھر دستخط ہونے کی تصدیق کی ہے، شریف فیملی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

88

دوبئی ۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فلاپ فلمیں لندن جا کر بیٹھ گئی ہیں، نواز شریف اینڈ کمپنی جب اقتدار میں تھی تو صرف ان کی فلمیں چل رہی تھیں، اصل فلم کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی، رانا شمیم کے بیان حلفی کے بارے میں چارلس گوتھری نے بھی تصدیق کی ہے کہ بیان حلفی نواز شریف کے گھر پر دستخط ہوا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ د بئی میں فلم فیسٹیول میں 11 پاکستانی فلمیں دکھائی جائیں گی، یو اے ای میں مقیم پاکستان اس فیسٹیول میں پاکستانی فلمیں دیکھنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری بحال ہو رہی ہے، اس سے قبل صرف سیاستدانوں کے ڈرامے دیکھے جاتے تھے، نواز شریف اینڈ کمپنی جب اقتدار میں تھی تو صرف ان کی فلمیں چل رہی تھیں، اصل فلم کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی، فلاپ فلمیں لندن جا کر بیٹھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا شمیم کے بیان حلفی کے بارے میں چارلس گوتھری نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ بیان حلفی نواز شریف کے گھر پر دستخط ہوا، یہ بہت اہم معاملہ ہے، شریف فیملی کو اس پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہمارے سر کا تاج ہیں اور یو اے ای میں مقیم پاکستانیز اس تاج کا ہیرا ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 15 لاکھ پاکستانی یو اے ای میں مقیم ہیں، ترسیلات زر میں ان کا سب سے بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان اکائونٹ میں بھی سب سے زیادہ تعداد یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اسی طرح اوورسیز پاکستانیز بھی عمران خان کی پشت پر کھڑے ہیں، یہی وہ امتزاج ہے جو پاکستان کو آگے لے کر چلے گا۔