فلسطینیوں کو بے گھر نہ کیا جائے،ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر جرمنی کا رد عمل

111
German Foreign Ministry
German Foreign Ministry

واشنگٹن ۔28جنوری (اے پی پی):غزہ کے عوام کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے جرمن وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو اردن یا مصر منتقل کرنے کے خیال پر تبصرہ کیا ہے۔العربیہ کے مطابق جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی آبادی کو غزہ سے بے دخل نہیں کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے امریکی صدر کی تجویز پر بڑے پیمانے پر رد عمل سامنے آیا ہے۔جرمنی کا یہ موقف امریکی صدر کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کو مصر اور اردن سمیت بعض پڑوسی عرب ممالک میں منتقل کرنے کی تجویز کے بعد سامنے آیا ہے۔اپنے صدارتی طیارے میں سوار صحافیوں سے بات کرتے ہوئےڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اردن اور مصر کو زیادہ سے زیادہ فلسطینیوں کو وصول کرنا چاہیے خاص طور پر اس لیے بھی کہ غزہ کی پٹی مکمل طور پر تباہ ہوچکی اور وہاں افراتفری کی صورت حال ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ فلسطینیوں کی یہ ملک بدری عارضی یا طویل مدتی ہوسکتی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کے جواب میں اردن نے اپنے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کے ذریعے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مسترد کردیا۔ ایمن الصفدی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اردن اردن کے لیے ہے اور فلسطین فلسطینیوں کے لیے ہے۔ مصری وزیر خارجہ نے بھی اپنے ملک کی طرف سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کوششوں کو مسترد کرنے کی تجدید کی۔