فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے فیصلے پر عمل نہیں کیا جا سکتا، مصر

93
فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے فیصلے پر عمل نہیں کیا جا سکتا، مصر

قاہرہ۔19اکتوبر (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکتا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق مصری صدر نےکہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ نمٹنے تک فلسطینیوں کو اسرائیل کے صحرائے نیگیو میں جانے کی اجازت دی جائے۔

مصری صدر نے فلسطینیوں کی غزہ سے مصر جبری بے دخلی کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فلسطینیوں کی مغربی کنارے سے اردن کی طرف جبری بے دخلی کی مثال قائم ہوجائے گی۔مصری صدر جو مہاجرین کی غزہ سے مصر کے صحرائے سینا میں داخل ہونے کی اجازت دینے کے مطالبے کو مسترد کرچکے ہیں نے کہاکہ اس سے فلسسطینی ریاست کے قیام کا مقصد ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو میں مصری عوام سے کہوں گا کہ وہ باہر گلیوں میں نکل کر اس تجویز کو مسترد کرنے کا اظہار کریں۔مصری صدر کہاکہ اگر اسرائیل فلسطینیوں کو بے دخل کرنا چاہتا ہے تو وہ فلسطین کے مسلح گروپوں کے خلاف اپنی کارروائی مکمل ہونے تک انہیں (فلسطینی مہاجرین کو) اپنے صحرائے نیگیو میں بھیج سکتا ہے،تاہم فلسطینی مہاجرین کو مصر بھیجنا خطرناک ہوگا۔