فلسطین اور اسرائیل دو آزاد ریاستوں کے قیام سے ہی خطے میں استحکام ہو گا، اقوام متحدہ

United Nations
United Nations

اقوام متحدہ۔10اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل دو آزاد ریاستوں کے قیام سے ہی خطے میں استحکام ہو گا۔

اسرائیل کے تازہ ترین تشدد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ سلسلہ امن عمل کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینز لینڈ نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی “نازک” ہے اورتشدد تب ہی ختم ہوگا جب ایک آزاد فلسطینی ریاست اور اسرائیل ایک ساتھ اپنے وجود کو برقرار رکھ سکیں ۔

انہوں نے اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ایک قابل عمل دو ریاستی حل کے لیے بامعنی مذاکرات کی طرف واپسی کے لیے سفارتی کوششوں کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہاکہ دشمنی او رعدوات کے جاری رہنے کے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے تباہ کن نتائج ہوں گے جو کہ سیاسی پیش رفت کو مزید پیچیدہ بنا دیں گے۔