فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر نے کیلئے گور نر پنجاب 10روز دورہ پر امر یکہ روانہ ہو گئے

56

لاہور۔21مئی (اے پی پی):فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر نے کیلئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور 10روز دورہ پر امر یکہ روانہ ہو گئے، امر یکی سینیٹرز ،کانگر یس اراکین ،گورنر ز سے بھی ان کی ملاقات شیڈول ہیں جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ جنگ بندی کافی نہیں اسرائیل کو مکمل طور پر فلسطین سے نکلنا اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا ہوگا ورنہ دنیا میں امن ایک خواب ہی رہے گا’پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز روانگی کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطینیوں کیخلاف دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قر یشی فلسطین کے معاملے پر حقائق دنیا کے سامنے رکھ رہے ہیں میں بھی دورہ امر یکہ کے دوران انسانی حقوق کی تنظیموں،امر یکی ‘اراکی کانگریس، سیاستدانوں اور اورسیز پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کر وں گا او ر ان کو امن کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے اقدامات کے بارے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گردہے اسکو روکنا لازم ہو چکا ہے امر یکہ کو بھی غلط کو غلط اور ٹھیک کو ٹھیک کہنا ہوگا

ورنہ دنیا میں امن قائم نہیں ہوگا ،بے گناہوں کے قاتل نیتن یاہو نے ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ،پاکستان عمران خان کی قیادت میں فلسطین ‘کشمیر اور امن کیساتھ کھڑا ہے،اسرائیل کو اپنی غیر قانونی آبادیوں کے خاتمے کے ساتھ فلسطینیوں پر جاری مظالم کو بھی مکمل ختم کر کے فلسطینیوں کو آزادی دینا ہوگی جب تک مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل نہیں ہوگا دنیا میں امن ایک خواب رہے گا۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ ساتھ22کروڑ پاکستانی متحد ہیں

اور جب تک فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا پاکستان انکے ساتھ ہے اور کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، وقت آچکا ہے کہ ا قوام متحدہ کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کر یں تاکہ دنیا میں امن قائم ہوسکے اگر مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل نہیں ہوگا تو پھر دنیا میں امن ایک خواب ہی رہے گا۔