فلسطین بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے اس جنگ بندی کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف

113
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس جنگ بندی کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں اور پوری پاکستانی قوم فلسطین بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، امن کے حصول کے لیے قطر، سعودی عرب، امریکہ، مصر اور دیگر دوست ممالک کی انتھک کوششیں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے غزہ اور دیگر جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی ترسیل انتہائی اہم ہے، ہمیں امید ہے کہ اس جنگ بندی کا مکمل طور پر احترام کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور گزشتہ کئی دہائیوں سےاسرائیلی جارحیت کے خلاف جد و جہد میں اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہے، 1967ء سے قبل کی حدود پر مبنی القدس شریف دارالحکومت کے طور پر آزاد فلسطین ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔