اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے عالمی یوم قدس کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے بڑا اور اہم ترین مسئلہ ہے، یوم القدس خاص طور پر فلسطینی کاز کے لیے وقف ہے، یہ دن دنیا کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ خود ارادیت کے اصول پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاہدے کی تجدید کرے۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے اتحاد کی علامت کے طور پر عالمی یوم قدس کے نام سے جانا جاتا ہے، بلا شبہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے بڑا اور اہم ترین مسئلہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم القدس خاص طور پر فلسطین اور فلسطینی کاز کے لیے وقف ہے لیکن اس سے آگے یہ عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کے محور کے طور پر، قتل و غارت اور غاصبانہ قبضے کے ظلم کے خلاف جنگ میں مسلم ممالک کی بیداری اور اتحاد کا دن ہے۔ یہ دن دنیا کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ بے گھر فلسطینی قوم کے 70 سال کے جبر کو یاد کرے اور خود ارادیت کے اصول پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاہدے کی تجدید کرے۔
اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ فلسطین کے کاز کا حامی رہا ہے اور اس کا کھل کر اعلان بھی کیا ،فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کرنا کوئی وقتی حکمت عملی نہیں اور یہ نہ صرف مذہبی عقائد سے جڑی ہے بلکہ سب سے اہم بات کہ یہ ایک انسانی فریضہ ہے جو اسلامی جمہوریہ اور اس کے آئین کی روح اور ماہیت کے عین مطابق ہے، اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ ایک منصفانہ، حق و انصاف اور حقیقت پر مبنی راہ حل فراہم کرنے کے طریقہ کار اور اقدامات میں حصہ لیا ۔
سفارتخانے نے یوم قدس منانے کے ساتھ اقوام متحدہ کی قرارداد میں درج مجوزہ منصوبے کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران اور پاکستان لوگوں کے حقوق کے تحفظ، فلسطین اور قدس کے مسئلے پر مشترک مؤقف رکھتے ہیں ۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یوم قدس تشدد، قتل و غارت اور امتیازی سلوک کی مذمت، فلسطینی عوام کے حقوق پر زور دینے اور حق خودارادیت کے دفاع کے لیے ایک بڑھتی عالمی مہم ہے، اسلامی جمہوریہ ایران عالم اسلام پر فلسطین کی مکمل آزادی اور صیہونی حکومت کے قبضے اور توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں و آزاد لوگوں کو عالمی یوم قدس کی مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔