فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی انتہا ہو چکی ہے، صوبہ میں آئندہ حکومت اے این پی کی ہو گی، میاں افتخار حسین

121
میاں افتخار حسین

ایبٹ آباد۔ 20 اکتوبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد کی انتہا کر دی گئی ہے، ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ختم کیا جائے، صوبہ میں آئندہ حکومت عوامی نیشنل پارٹی کی ہو گی۔ وہ یہاں ہزارہ کی معروف سیاسی شخصیت زرین گل خان کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک، ضلعی صدر تورغر زاہد خان، ضلعی صدر ایبٹ آباد سید شاہد رضا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین، عہدیداران، پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوان و خواتین ونگ کی عہدیداران اور کارکنان کثیر تعداد میں شریک تھیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہزارہ کے عوام سے بڑی دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہمارے صوبہ کی مساجد اور بازاروں میں دھماکے ہو رہے ہیں، ہم اپنی دھرتی کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، دنیا میں آئے ہیں تو مرنا بھی ہے، بے غیرتی کی زندگی قبول نہیں ہے، ان کے بیٹے کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا، قصور یہ تھا کہ وہ عوام کی خدمت کرتا تھا، یہ تو ایک بیٹا تھا اگر اور بھی ہوتے تو اپنی قوم پر نچھاور کر دیتے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ دہشت گردوں نے سوات سے پاکستان کا جھنڈا اکھاڑ دیا تھا جس کو باچا خان کے پیرو کاروں نے سینوں پر گولیاں کھا کر دوبارہ بلند کیا، دہشت گردی کی جنگ میں سرخ پرچم بلند کرنے والے ایک ہزار کارکن شہید ہوئے، سینے پر گولی کھائیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ کے عوام باچا خان کے پیرو کاروں کے ساتھ کھڑے ہو جائیں، این ایف سی ایوارڈ میں تمام اضلاع کا مساوی حق ہے، مردم شماری میں ہماری آبادی کم دکھائی گئی ہے، تعلیمی اداروں میں بدمعاشی قبول نہیں ہے، کوئی یہ نہ سمجھے یہ اکیلے ہیں، ہزارہ کے عوام الیکشن میں بکے ہوئے لوگوں کا ساتھ ہرگز نہ دیں۔