منیلا۔28اکتوبر (اے پی پی):فلپائن میں سمندری طوفان ٹرامی کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سےاموات کی تعداد بڑھ کر 116 ہو گئی اور 39 افراد لاپتہ ہیں۔
شنہوا کے مطابق فلپائن کے نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این ڈی آر آر ایم سی) نے پیر کو بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے آنے والے سمندری طوفان ٹرامی کے باعث ہونے والی بارشوں سے ملک کے 17 علاقوں میں 6.7 ملین سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 39 لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے ۔
فلپائن سے ٹکرانے والا ٹرامی طوفان رواں سال کا گیارواں سمندری طوفان ہے جس نے جزیرہ لوزون، بیکول اور کالبارزون سمیت وسطی اور جنوبی فلپائن کے علاقوں میں تباہی مچائی ہے ۔ حکام کے مطابق سیلاب کے باعث متعدد شاہراہیں اور پل تباہ اور ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے جبکہ گھروں میں سیلابی پانی داخل ہو گیا ۔
متاثرین کی بڑی تعداد پینے کے صاف پانی اور بجلی سے محروم ہے۔ این ڈی آر آر ایم سی نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ۔ این ڈی آر آر ایم سی نے کہا ہے کہ ٹرامی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 1.54 بلین پیسو (تقریباً 26.35 ملین ڈالر) لگایا گیا ہے جبکہ زراعت کو پہنچنے والا نقصان 2.5 بلین پیسو (43 ملین ڈالر)ہے۔